ناکام عاشق نے چلتی ٹرین سے محبوبہ کو دھکا کر دے خود بھی چھلانگ لگادی، دونوں ہی بچ گئے

 بھارت کے صنعتی شہر ممبئی میں ایک ناکام عاشق نے اپنی محبوبہ کو چلتی ٹرین سے دھکا دے کر خود بھی چھلانگ مار دی ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 24 سالہ سمیدھ یادیو دو سال سے ایک لڑکی کے عشق میں مبتلا تھا تاہم لڑکی اس کو منہ نہیں لگاتی تھی، دونوں ایک جگہ کام کرتے تھے ۔ لڑکی کو سمیدھ یادیو کی شراب نوشی کی عادت سے نفرت تھی جس کی وجہ سے وہ اس سے دوری اختیار کیے رکھتی تھی۔ دوسری جانب عشق کے جنون میں سوار سمیدھ یادیو اسے تنگ کرتا رہتا تھا جس پر پولیس کو شکایت بھی درج کرائی گئی تھی۔ 

پولیس رپورٹ کے بعد کچھ عرصہ خاموشی رہی لیکن پھر جمعہ کے روز سمیدھ یادیو نے  لڑکی کو کھار ریلوے سٹیشن پر چلتی ٹرین سے دھکا دے دیا اور اسے حادثے کا رنگ دینے کیلئے خود بھی چھلانگ لگادی۔ نیچے گرنے کی وجہ سے لڑکی کے سر پر گہری چوٹیں آئیں اور اسے 12 ٹانکے لگانے پڑے تاہم اس کی جان بچ گئی، دوسری جانب ملزم بھی معمولی زخمی ہوا لیکن لوگوں کے اکٹھا ہونے پر وہاں سے فرار ہوگیا۔

حادثے کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرے کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا تو ساری کہانی سامنے آگئی جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔