بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین کی بیٹی کیسی دکھتی ہیں اور فلم انڈسٹری میں اینٹری سے قبل کیا نصیحت کی ہے؟ جانئے

سابق ملکہ حسن اور اداکارہ سشمیتا سین نے اپنی بیٹی رینے سین کو بالی ووڈ میں انٹری سے قبل نہایت سبق آموز نصیحت کی تھی۔

اداکارہ سشمیتا سین کی بڑی بیٹی رینے سین نے حال ہی میں مختصر فلم”سٹہ بازی“ سے بالی ووڈ میں انٹری دی ہے۔ تاہم رینے نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ بالی ووڈ میں انٹری سے قبل ان کی ماں نے انہیں نہایت سبق آموز نصیحت کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا ”تم صرف اس لیے کسی کی جگہ نہیں لے سکتیں کہ تم میری بیٹی ہو“۔

رینے نے مزید کہا مجھے معلوم ہے کہ سشمیتا سین کی بیٹی ہونے کی وجہ سے میں کتنی مراعات یافتہ ہوں۔ اور میں یہ بھی سمجھتی ہوں کہ مجھے انڈسٹری میں اپنا مقام خود بنانا ہوگا۔ مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ لاکھوں لوگ اداکار بننے کے لیے ممبئی کا رخ کرتے ہیں۔ میں گھمنڈ نہیں کرنا چاہتی لیکن سشمیتا سین کی بیٹی ہونے کی وجہ سے مجھے بہت زیادہ مراعات ہیں۔ لہذا اگر میں اپنے کام سے ایماندار نہیں ہوتی تو میں بہت ہی غلط کروں گی۔

واضح رہے کہ رینے سین سشمیتا سین کی سگی بیٹی نہیں ہیں بلکہ سشمیتا سین نے انہیں گود لیا تھا اس کے علاوہ انہوں نے ایک اور بچی الیساہ سین کو بھی گود لیا تھا اور دونوں بچیوں کی بطور سنگل ماں پرورش کی ہے۔