‘نیشنل ڈائیلاگ کی بات کرنے والوں کو بتا دوں چوروں سے مذاکرات نہیں ہوتے’ مراد سعید اپوزیشن پر برس پڑے

 وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ سرٹیفائیڈ نااہل لندن میں پاکستان مخالف قوتوں سے ملاقاتیں کررہا ہے۔ میں کسی پر غداری کے فتوے نہیں لگا رہا لیکن ان لوگوں کے چہرے خود بخود عوام کے سامنے عیاں ہو چکے اوراب نیشنل ڈائیلاگ کی بات کرتے ہیں، میں ان کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ  چوروں سےڈائیلاگ نہیں ہوتے۔ 

مراد سعید نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ متنازعہ بیان دے کر انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے، پنجاب میں آتے ہیں تو پنجابیوں کو گالی، سندھ میں جاتے ہیں وہاں اردو بولنے والوں کو گالی اور بلوچستان میں جاتے ہیں تو ‘آزادبلوچستان’ کا نعرہ لگا دیتےہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے اس کی وضاحت دیں کہ کس کے دور حکومت میں وفد اسرائیل گیا تھا؟ مولانا فضل الرحمان کو  فنڈنگ کہاں سے ہوئی ؟ اب یہ بات کھل چکی ہے تو ساری حقیقت عوام کے سامنے آنی چاہیے۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ایمانداری پر دنیا کو رشک آتا ہے، وہ پوری دنیا سے پیسے کما کما کر اپنے ملک لائے پھر اس کی ایک ایک رسید دکھائی اور یہ لوگ یہاں سے بوریاں بھر بھر کر باہر لے کر جاتے رہے جس کی وجہ سے ملک پیچھے کی طرف جاتا رہا ہے۔ جب ان پر الزامات لگے تو یہ پارلیمنٹ میں آکر کہتے تھے کہ ‘جناب یہ ہیں ذرائع’ وہ ذرائع تو آج تک نہیں ملے لیکن ثبوت کے لیے جعلی قطری خط آگیا۔ مریم بی بی کہتی تھی کہ لندن میں توکیا میری پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے۔