’اے بھائی ادھر آؤ! یہ لڑکیاں بول رہی ہیں کہ تم شاہد آفریدی ہو؟‘ دیسی ’آنٹی‘ نے شاہد آفریدی سے جب یہ کہا تو کیا ہوا؟ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

 پاکستان کرکٹ نے یوں تو بے شمار سپر سٹار پیدا کئے ہیں مگر جو شہرت سابق کپتان عمران خان اور شاہد خان آفریدی کے حصے میں آئی، وہ کسی اور کو نہ ملی لیکن یہ جان کر آپ خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو جائیں گے کہ اس کے باوجود بہت سی ’دیسی آنٹیاں‘ شاہد آفریدی کو بھی نہیں جانتیں۔ 

سوشل میڈیا پر شاہد خان آفریدی کی ایک ویڈیو وائرل ہے جو ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی وائرل ہونے لگی۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ائیرپورٹ پر کچھ لڑکیاں اور خواتین کھڑی ہیں جن میں سے ایک خاتون شاہد خان آفریدی کو مخاطب کرتی ہیں کہ ’اے بھائی ادھر آﺅ۔‘ خاتون جیسے ہی یہ جملہ ادا کرتی ہیں تو کسی لڑکی کے بھرپور قہقہے کی آواز سنائی دیتی ہے۔ خاتون اپنی بات جاری رکھتے ہوئے دوبارہ آواز دیتی ہیں کہ ’بیٹا ادھر آﺅ۔‘

اس پر شاہد خان آفریدی چلتے ہوئے ان کے پاس آ جاتے ہیں تو وہ خاتون پوچھتی ہیں کہ ’یہ لڑکیاں بول رہی ہیں کہ تم شاہد آفریدی ہو؟‘ اس پر یقینا شاہد خان آفریدی نے ہاں میں جواب دیا تو خاتون بھی برجستہ بولیں کہ ’چلیں تصویر لے لیں۔‘ اس پر شاہد خان آفریدی نے وہاں کھڑے ہو کر ا ن کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور ان لمحات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جسے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔