ویسٹ انڈین سٹار بلے باز کرس گیل نے ایسی خواہش کا اظہار کردیا کہ شائقینِ کرکٹ خوشی سے جھوم اٹھیں

 ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل نے انٹرنیشنل کرکٹ میں بلند و بانگ چھکوں سے دہشت قائم کررکھی ہے، وہ ان دنوں زیادہ اچھی فارم میں نہیں لیکن 41 سال کی عمر ہونے کے باوجود ریٹائرمنٹ فی الحال ان کے منصوبوں میں شامل نہیں بلکہ وہ مزید 2 ورلڈ کپ کھیلنے کے خواہاں ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جارح مزاج بلے باز  کرس گیل نے کہا کہ میں اب بھی بہترین فارم میں ہوں، 41 سال کی عمر میں بھی اتنا دم خم ہے کہ اپنی ٹیم کیلئے میدان میں ذمہ د ارانہ کردار نبھا سکتا ہوں، بھارت میں رواں برس ٹی 20 ورلڈ کپ اور اگلے برس آسٹریلیا میں شیڈول میگا ایونٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔دھواں دار بلے بازی سے شائقین کرکٹ کے دلوں میں جگہ بنانے والے عالمی شہرت یافتہ کرکٹر کے مطابق ان کا فی الحال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور وہ 45 برس کے ہونے تک اپنے ملک کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ کرس گیل ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز سکور بنانے والے کرکٹر بھی ہیں جنہوں نے 2005ء  سے اب تک چار سو گیارہ میچوں میں بائیس سنچریوں اور پچاسی نصف سنچریوں کی مدد سے تیرہ ہزار پانچ سو چوراسی رنز بنا رکھے ہیں۔