شاداب خان پی ایس ایل کھیلیں گے یا نہیں؟ شائقین کیلئے اہم خبر آ گئی

دورہ نیوزی لینڈ کے دوران قومی کرکٹرز فٹنس مسائل سے دوچار رہے اور تمام کھلاڑی وطن واپس پہنچنے کے بعد قومی کرکٹرز نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں رپورٹ کریں گے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کیلئے دستیاب ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم پیر کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں رپورٹ کریں گے اور بیٹنگ کوچ محمد یوسف طبی معائنے کے بعد بابر اعظم کے ساتھ سیشن کرسکیں گے۔ یاد رہے کہ بابر اعظم کے انگوٹھے میں فریکچر ہو گیا تھا ،بابر اعظم گزشتہ روز پاکستان شاہینز کے ساتھ لاہور پہنچے۔

لیگ سپنر شاداب خان کا منگل کو ہائی پرفارمنس سینٹر میں فٹنس کا معائنہ ہوگا اور ری ہیب کا عمل مکمل ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپنر امام الحق کا پہلے سے ہی ری ہیب کا کام جاری ہے، جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں بابر اعظم، امام الحق کی شرکت یقینی ہے۔