جو لوگ خود سے کورونا ویکسین خریدنا چاہتے ہیں ان کیلئے حکومت نے بڑا اعلان کردیا

 وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی پانچ کورونا ویکسینز کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے، جو لوگ ذاتی حیثیت میں ویکسین خریدنا چاہتے ہیں ان کیلئے آسانیاں پیدا کریں گے۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں چند ایسے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں کورونا وائرس مختلف قسم کا ہے اس لیے بیرون ملک سے آنے والوں کیلئے سفری پابندیاں سخت کی ہیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ پاکستان کی پانچ ویکسینز سے متعلق بات چیت چل رہی ہے جس میں چینی ، روسی اور یورپی ویکسین شامل ہے۔ ایک چینی ویکسین کے ٹرائل چل رہے ہیں اس کو بھی دیکھیں گے۔ ایک چینی ویکسین کا پاکستان سمیت بڑے پیمانے پر ٹرائل ہورہا ہے جس پر دنیا کی نظریں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی ذرائع اور براہ راست کمپنیوں سے ویکسین خریدیں گے، جو لوگ خود ویکسین خریدنا چاہیں ان کیلئے آسانیاں پیدا کریں گے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کورونا ویکسی نیشن کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی ، اس حوالے سے ایک خصوصی سافٹ ویئر بھی لانچ کیا ہے تاکہ منظم طریقے سے ویکسین لگائی جاسکے۔