پاکستان کپ سے ڈراپ ہونے والے کامران اکمل کا ردعمل بھی آ گیا

ومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل پاکستان کپ سے ڈراپ کئے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے ناخوش دکھائی دے رہے ہیں جن کا کہنا ہے کہ میں اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو اللہ پر چھوڑتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی کامران اکمل نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کارکردگی دکھانے کے باوجود پاکستان کپ سے ڈراپ کئے جانے پر حیران ہوں، بطور سینئر کھلاڑی کارکردگی دکھانے کے باوجود میرے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان کو ٹیگ کرتے ہوئے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں۔ کامران اکمل نے یہ بھی کہا کہ کرکٹ میرا جنون ہے اور میں کھیلنا چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ کامران اکمل کو پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کیلئے سینٹرل پنجاب میں شامل نہیں کیا گیا۔ 33 میچز پر مشتمل ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا جس کے میچز کراچی کے تین وینیوز این بی پی سپورٹس کمپلیکس ، سٹیٹ بنک سٹیڈیم اور یوبی ایل سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے جبکہ سٹیٹ بنک سٹیڈیم 29 اور 30 جنوری کو سیمی فائنلز اور 31 جنوری کو فائنل کی میزبانی کرے گا۔