وزیراعظم نے ‘بلیک میل ‘کا لفظ ان کے لیے استعمال کیا جو سانحہ مچھ پرسیاست کررہے ہیں: شبلی فراز کی وضاحت

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران احمد خان نیازی نے ‘بلیک میل’ کا لفظ ان لوگوں کے لیے استعمال کیا ہے جو مچھ جیسے واقعات پر سیاست کرتے ہیں۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت سے عاری،بےحس وہ ہیں جوالمیوں پربھی سیاسی دوکان چمکانے سےباز نہیں آتے۔ 

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان مظلوموں کے دکھوں میں برابر کے شریک ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانا اپنااولین فریضہ سمجھتے ہیں۔

خیال رہے کہ ہزارہ برادری کے دھرنے پر وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہزارہ برادری کے تمام مطالبات مانے جاچکے ہیں لیکن ان کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم آئیں گے تو پھر لاشوں کی تدفین ہو گی۔ تمام مطالبات تسلیم کرنے کے بعد وزیراعظم کو بلیک میل نہیں کیا جاسکتا ہے۔