فوڈ پانڈا کے کپڑے پہن کر کھانے کی ڈلیوری کے بہانے لوگوں کو لوٹنے والا پکڑا گیا، انوکھا ترین طریقہ بے نقاب ہوگیا

 کراچی میں فوڈ پانڈا کے کپڑے پہن کر کھانے کی ڈلیوری کے بہانے لوگوں کو لوٹنے والا ڈاکو پکڑا گیا۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق گزشتہ روز پولیس نے کراچی کے علاقے فیروزآباد میں چھاپہ مار کر اس عبدالرﺅف نامی ڈکیت کو گرفتارکیا۔پولیس کے مطابق ملزم چوری و ڈکیتی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھا۔پولیس نے ملزم کے قبضے سے دیگر اشیاءکے ساتھ فوڈ پانڈا کی یونیفارم اور کھانا ڈلیور کرنے والا بیگ بھی برآمد کیا۔

ایس ایس پی ویسٹ ساجد سدوزئی کا کہنا تھا کہ ”گرفتار ہونے والا ملزم فوڈ پانڈا کا ڈلیوری بوائے بن کر لوگوں کے گھروں کی گھنٹی بجاتا اور باہر نکلنے پر اسلحہ دکھا کر انہیں لوٹتا تھا۔ وارداتوں میں اس کے دیگر ساتھی بھی اس کے ساتھ ہوتے تھے۔ ملزم نے دوران تفتیش 21وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ فوڈ پانڈا کی یونیفارم پہننے کی وجہ سے نہ صرف وہ آسانی سے لوگوں کو لوٹتے تھے بلکہ اس یونیفارم کی وجہ سے پولیس ناکوں سے بھی بچ کر نکل جایا کرتے تھے۔