خواجہ آصف کا مبینہ بے نامی دار سامنے آگیا

 قومی احتساب بیورو (نیب) نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے مبینہ بے نامی دار کو ڈھونڈ لیا ہے۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز نے نیب ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ خواجہ آصف کا مبینہ بے نامی دار ان کا ملازم طارق میر ہے جس کو کمپنی کے 50 فیصد حصص کا مالک بنایا گیا ہے۔ ملازم کے نام پر 2009 میں کمپنی قائم کی گئی جو چاول کی ایکسپورٹ کا کام کرتی ہے۔ کمپنی کے باقی 50 فیصد شیئرز مسرت خواجہ کی ملکیت میں رکھے گئے ہیں۔

نیب ذرائع نے مزید بتایا کہ طارق میر کے اکاؤنٹ میں 2009 سے 2018 کے دوران 50 کروڑ 70 لاکھ روپے جمع ہوئے۔ خواجہ آصف اور ان کے ملازم طارق میر کو آمنے سامنے بٹھا کر تفتیش کی جائے گی اور عدم تعاون کی صورت میں ملازم کو بھی گرفتار کیا جاسکتا ہے۔