کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا جواب بھرپور قوت سے دیں گے: ترجمان دفترخارجہ

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے جنگی جنون کا جواب اپنی امن کی کوششوں سے دے گا تاہم کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور قوت سے جواب دیا جائے گا۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کہ بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بیٹھنا مضحکہ خیز ہے،  بھارت اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کا بھی مرتکب ہورہا ہے۔ ہم پراعتماد ہیں کہ سلامتی کے دیگر مستقل اراکین بھارت کو غیر مستقل نشست پر نہیں بیٹھنے دیں گے۔ بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی مالی معاونت، تربیت، منصوبہ بندی اور آپریشنز میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مچھ سانحہ کے حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ افغانستان کے اول نائب صدر امراللہ صالح کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ ان سے امن کے لیے پیشرفت کو کوئی مدد نہیں ملے گی۔ 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امید ہے امریکامیں انتقال اقتدار پرامن ہوگا۔ واشنگٹن کی صورتحال پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ نو منتخب صدر جو بائیڈن کو ووٹوں کی گنتی کے بعد فتح کی تصدیق پر مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قطر اور سعودی عرب کے درمیان زمینی، فضائی اور بری سرحدیں کھولنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔