وزیراعظم سے معروف ڈرامہ سیریل ارطغرل کی بانی ٹیم کے وفد کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان سے معروف ترک ڈرامےارطغرل غازی کی بانی ٹیم کے وفد نے کمال تیکدین کی سربراہی میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ترک اور پاکستان فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں تحریک خلافت کے برصغیر سے تعلق رکھنےوالے مشہور کردار ترک لالہ پر مجوزہ ٹیلی ویژن سیریز پر گفتگو بھی کی گئی۔ شہریار آفریدی نے اجلاس کو ترک لالہ کے تحریک خلافت کے لیے اہم کردار اور ترکی میں ان کی اہمیت پر آگاہ کیا۔ 

وزیر اعظم عمران خان نے وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کو مقامی ثقافت کے فروغ کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مغرب سے مرعوب نوجوان نسل کو اپنی اصل تقافت سے آگاہی دی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامے 80 کی دہائی تک پوری دنیا میں اپنی پہچان آپ تھے، برصغیرمیں مسلمانوں کےسنہری دور کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

کمال تیکدین نے وزیراعظم عمران خان کا پاکستان میں ترک ڈراموں کونشر کرنےکا اقدام قابل ستائش قرار دیا اور کہا کہ عمران خان اور ترک صدرایردوان کا ویژن ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے تاریخ اور اپنی ثقافت سے آگاہی ہونا ضروری ہے،ہر سال30 جون کو ترکی میں ترک لالہ کے احترام میں ان کا قومی دن منایا جاتا ہے۔