‘مطالبات ماننے کو تیار ہیں، شہیدوں کی میتیں دفن کر دیں’ لیاقت شاہوانی کی مظاہرین سے اپیل

 ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے ہزارہ برادری کے مظاہرین سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تمام مطالبات منظور کرنے کےلیے تیار ہیں لیکن وہ میتوں کی تدفین کر دیں۔ 

لیاقت شاہوانی نےکوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان نےپاکستان آتے ہی فوراً دھرنا شرکاء سے ملاقات کی، مچھ واقعہ کامقدمہ بھی فوری درج کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنا دینا مظاہرین کا حق ہے لیکن وہ تمام میتوں کی تدفین کر دیں ، گارنٹی دیتے ہیں کہ ان کے تمام جائز مطالبات پورے کریں گے، ہزارہ برادری کو ہر قسم کی سکیورٹی فراہم کریں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ مچھ سانحہ پر سیاست نہیں ہونی چاہیے تھی لیکن افسوس ہے پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے رہنماؤں دھرنے میں آکر سیاست کی اور مریم نواز نے وزیراعظم پر الزامات لگائے، ان کی گفتگو سن کر افسوس ہوا۔ 

ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ مچھ واقعہ میں شہید ہونے والوں میں سات افغان شہری بھی شامل ہیں۔ افغانستان کی جانب سے پاکستانی حکام کو مراسلہ لکھا گیا ہے کہ افغان شہریوں کی میتیں حوالے کی جائیں تاکہ ان کو افغانستان میں دفنایا جاسکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مراسلے سے متعلق قانونی معاملات دیکھ رہے ہیں۔