سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی خصوصی پرواز کو پاکستان آمد کی اجازت دیدی

 پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی درخواست پر سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) نے جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم اور ٹیم مینجمنٹ کی خصوصی پرواز کو پاکستان آنے کی اجازت دیدی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے 27 کرکٹر اور 11 ٹیم مینجمنٹ آفیشلز برطانیہ سے ایمریٹس ائیرلائنز کی پرواز ای کے600 سے16جنوری کو پاکستان پہنچیں گے اور اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ نے پرواز کا اجازت نامہ جاری کردیا ہے۔

سی اے اے کے اجازت نامے میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہیں کہ جنوبی افریقی ٹیم کو کورونا ٹیسٹ اور قرنطینہ سمیت محکمہ صحت کی ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جنوبی افریقہ کے دیگر دو آفیشلز کو بھی الگ پرواز کی اجازت دی گئی ہے، دونوں آفیشلز7 جنوری کو دبئی سےکراچی ایمریٹس ائیر کی پرواز ای کے604 سے پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں پر مشتمل 27 رکنی دستہ پاکستان پہنچنے گا ان کے کورونا ٹیسٹ لئے جائیں گے اور کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں بھی رکھا جائے گا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی ، دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4 فروری سے شروع ہو گا جبکہ ٹی سیریزکے تین میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔