دنیا کے امیر ترین آدمی جیف بیزوس کا یہ اعزاز خطرے میں پڑ گیا، کون سا ارب پتی دولت کی دوڑ میں انتہائی قریب پہنچ گیا؟ حیران کن خبر آگئی

 ایمازون کے بانی جیف بیزوس اس وقت دنیا کے امیر ترین آدمی ہیں تاہم ٹیسلااور سپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے مالک ایلن مسک اب دولت میں جیف بیزوس کو پیچھے چھوڑنے والے ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق گزشتہ دنوں ٹیسلا کے شیئرز کی قیمت میں 4.9فیصد اضافہ ہوا جس سے ایلن مسک کی دولت 184.5ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ اپنی دولت میں اس اضافے کے ساتھ ایلن مسک دنیا کے دوسرے امیر ترین آدمی بن گئے۔ وہ اس وقت جیف بیزوس سے صرف 3ارب ڈالر کے فاصلے پر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹیسلا کے حصص کی قیمت میں گزشتہ پیر کے روز بھی 3.4فیصد اضافہ ہوا تھا جس کے بعد بدھ کے روز ان کی قیمت 4.9فیصد بڑھ گئی۔ جیف بیزوس 2017ءسے دنیا کے امیر ترین آدمی چلے آ رہے ہیں، ان کے پاس اس وقت 187ارب ڈالر کی دولت ہے۔ ان سے پہلے یہ اعزاز سالہا سال تک مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے پاس رہا۔ تب سے بل گیٹس دوسرے نمبر پر دنیا کے امیر ترین آدمی تھے تاہم گزشتہ سال نومبر میں ایلن مسک نے ان سے دوسری پوزیشن بھی چھین لی تھی اور وہ تیسرے نمبر پر چلے گئے تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال کے آغاز میں ایلن مسک دولت کے اعتبار سے 35ویں نمبر پر دنیا کے امیر ترین شخص تھے۔ اس ایک سال میں ان کی دولت میں 146ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس سے وہ دنیا کے دوسرے امیر ترین آدمی بن چکے ہیں۔