‘پی ڈی ایم تنزلی کے آخری مراحل میں داخل ہوچکی’ شبلی فراز کا بنوں جلسے پر ردعمل

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے جلسیوں میں تبدیل ہو گئے اور تحریک تنزلی کے آخری مراحل میں داخل ہوچکی۔

شبلی فراز نے بنوں میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنوں جلسے میں پی ڈی ایم کی ” سی درجے” کی شریک قیادت ثبوت ہے کہ ان کی تحریک تنزلی کے آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے، ناکام بیانیے اور عوام کی عدم شرکت نے اپوزیشن کی مرکزی قیادت کو دلبرداشتہ کر دیا ہے جس سے ان کے جلسے، جلسیوں اور ریلیوں میں تبدیل  ہوچکے اور قیادت “بی سے سی” درجے تک آ پہنچی ہے۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے بنوں میں آج جلسہ کیا جس میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال اور مولانا فضل الرحمان نے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔