” پاکستان کی معیشت درست سمت میں جا رہی ہے ” مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے دعوی پر حکمران جماعت کو آئینہ دکھا دیا

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوا ہے جبکہ عمران صاحب کہہ رہے ہیں کہ معیشت درست سمت پہ جا رہی ہے،عمران صاحب معیشت صرف آپ کی اور آپ کے اے ٹی ایمز اور مافیا کی درست سمت میں جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کی جانب سے معاشی حوالے سے دیئےجانے والے بیان کے ردِعمل  میں کہا کہ مالی سال کی ہر سہہ ماہی میں عوام کی جیبیں خالی اور اپنی جیبیں بھرنے کا سلسلہ جاری ہے ،مالی سال کی ہر سہہ ماہی میں ملک اور عوام کو لوٹنے کی پلاننگ کی جاتی ہے، اڑھائی سال میں روٹی ، مرغی ، انڈے، تیل دالیں ، سبزیاں سب مہنگا ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اڑھائی سال میں عوام کے گھر فاقے اور بے روزگاری ہے جبکہ عمران صاحب کے اے ٹی ایمز کے کاروبار اور روزگار میں اضافہ ہوا ہے،ملکی تاریخ کی نالائق نااہل اور کرپٹ ترین حکومت ملک پہ مسلط ہے۔