معاشی میدان سے بڑی خوشخبری آگئی،100 انڈیکس تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

حکومت کی معاشی میدان میں مثبت تبدیلیوں کے نتائج سامنے آنے لگے ہیں،100 انڈیکس 500سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ  45 ہزار کی نفسیاتی حدعبور کرگیا،جس سے100انڈیکس تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران کاروبار کے آغاز میں 289اعشاریہ 17 پوائنٹس کی تیزی ریکاڈ کی گئی، جس کا تسلسل آگے جا کر دیکھنے کو ملا، ایک موقع پر انڈیکس میں 550 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔پورے کاروباری روز کے دوران سرمایہ کاروں کی طرف سے زبردست دلچسپی کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 502اعشاریہ 99 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا، تین سال کے عرصے کے بعد 45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی اور انڈیکس 45153اعشاریہ 42 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1 اعشاریہ 13فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 37 کروڑ 31 لاکھ 73 ہزار 822 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 150 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔