قومی ٹیم کی عبرتناک شکست پر شاہد آفریدی نے بھی مایوسی کا اظہار کر دیا

 پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بدترین کارکردگی قرار دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق شاہد خان آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ’نمبرون ٹیسٹ ٹیم بننے پر نیوزی لینڈ کو مبارکباد، کین ولیم سن اور ان کی ٹیم نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ قومی ٹیم کی پہلے ٹیسٹ میچ میں اچھے مقابلے کے بعد دوسرے ٹیسٹ میچ میں انتہائی ناقص کارکردگی پر بہت مایوسی ہوئی ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں رہنے کیلئے کھلاڑیوں کو ٹیلنٹ کے استعمال کیساتھ ساتھ بہادری کی بھی ضرورت ہے، نیوزی لینڈ میں سامنے آنے والے نتائج بدترین ہیں۔‘ 

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مختصر اور طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی۔ ٹی 20 سیریز کے ابتدائی دو میچز ہارے اور تیسرے میچ میں جیت حاصل ہوئی اور یوں سیریز 1-2 سے نیوزی لینڈ کے نام رہی۔ 

بعد ازاں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں بھی نیوزی لینڈ نے وائٹ واش کیا۔ ماﺅنٹ منگنوئی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 101 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 176 رنز کی شکست کیساتھ سیریز میں کلین سویپ بھی ہوا۔