سوشل میڈیا پر لڑکیاں بن کر شہریوں کو لوٹنے والے مرد وں کا تعلق کس افریقی ملک سے ہے؟جان کر آپ حیران رہ جائیں

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے)نے 5 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جو سوشل میڈیا پر لڑکیاں بن کر شہریوں کو لوٹتے تھے ،گرفتار ملزمان میں سے چار  کا تعلق افریقی ملک نائجیریاسے ہے۔

سما نیوز کے مطابق  ایف آئی اے سائبر کرائم کی کارروائی کے نتیجے میں 5 نو سرباز پکڑے گئے جن میں سے ایک پاکستانی بھی ہے تاہم لاکھوں روپے کے فراد میں  اس کو صرف چند ہزار روپے ہی ملتے تھے۔ملزمان فیس بک پر کسی سے ڈیانا، کسی سے انجلی تو کسی سے کیتھی کے نام پر دوستی اور محبت کا جال پھینک کر اورشادی کرنے کا جھانسا دیکر لاکھوں روپے لوٹ چکے ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق نوسر باز حسینائیں بن کر ایسے ڈورے ڈالتے اور  لاکھوں ڈالروں کا ایسا لالچ دیتے کہ کنوارے اور شادی شدہ حضرات ان کے جال میں پھنس جاتے۔پکڑے جانے والے پاکستانی ملزم ہارون کا کہنا ہے کہ اس فراڈ کے ذریعے جو پیسے آتے وہ مائیکل کو دے دیا کرتاتھا جس کے عوض اسے ہر ماہ 35 ہزار سے 40 ہزار روپے ملتے تھے۔

ایف آئی اے کے سب انسپکٹر نے بتایا کہ برطانیہ اور امریکا وغیرہ کے شہری ظاہر کرکے فرینڈ ریکوسٹ بھیجی جاتی تھیں اور پھر جال میں آنے والوں کو مختلف کہانیاں سنا کرلاکھوں ڈالر بھجوانے حتیٰ کہ ساتھ بزنس اور شادی تک کے جھانسے دے کر لوٹ لیا جاتا۔