سلیم صافی کی تنقید اثر دکھا گئی، مریم نواز نے کوئٹہ جانے کا فیصلہ کر لیا

 مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کل کوئٹہ جانے کا فیصلہ کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے والد محمد نواز شریف کی ہدایت پر انشاء اللہ کل یہ التجا لے کر اپنی بہنوں اور بھائیوں کے پاس جا رہی ہوں کہ وہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کردیں۔ مجھے یقین ہے وہ اپنی بیٹی کی درخواست رد نہیں کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ چار دنوں اور راتوں سے اس شدید سردی میں میں ہزارہ برادری اپنے پیاروں کی میتوں کے ساتھ اسلام آباد کی بے حسی کو آواز دے رہی ہے۔ یہ اسلامی اخوت اور انسانی ہمدردی کے حوالے سے ہم سب کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔

خیال رہے اس سے قبل مریم نواز نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ وزیراعظم بے حس ہیں وہ آپ کے پاس نہیں آئیں گے آپ اپنے پیاروں کی تدفین کر دیں تو اس کے جواب میں سینئر صحافی سلیم صافی نے انہیں جواب میں لکھا کہ آپ تو پتھر دل نہیں ہیں تو آپ تو تشریف لے جائیں ۔ اچکزئی صاحب اسی شہر کے ہیں، انہیں تو ان کے ساتھ بیٹھنے میں کوئی بات مانع نہیں ہونی چاہئے۔ مالک صاحب اور اخترمینگل صاحب کو بھی جانا چاہئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج مولانا صاحب اعلان کریں پی ڈی ایم کی پوری قیادت اعلان کریں کہ کل وہ کوئٹہ جائیں گے۔