بارسلونا میں جعلی کورونا ٹیسٹ ،پاکستان جانے والے دس مسافرروک لئے گئے، تحقیقات شروع

بارسلونا میں جعلی پی سی آرٹیسٹوں کے دھندے کا انکشاف ہوا ہے۔ گزشتہ رو ز ایل پرات ائیر پورٹ پر براستہ ابوظہبی پاکستان جانے والے 10 افراد کے پی سی آر ٹیسٹ جعلی ثابت ہونے پر ان کو جہاز پر سوار ہونے سے روک دیا گیاہے۔

مقامی اخبار اور پولیس کے مطابق جہاز کے عملے کے ایک فرد کی جانب سے پی سی آرٹیسٹ جعلی ہونے کی نشاندہی کی گئی کہ اس کو شبہ ہے کہ یہ دس ٹیسٹ جعلی ہیں۔ متعلقہ لیبارٹریوں سے تصدیق کے بعد 10 ٹیسٹ جعلی ثابت ہوئے۔ اس سے قبل 3 مختلف فلائٹس کے 3 مسافروں کے ٹیسٹ بھی جعلی ثابت ہوئے تھے۔انتظامیہ کے مطابق مقامی پولیس نے اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیاہے۔

یاد رہے کہ سپین میں پی سی آرٹیسٹ کی فیس مختلف لیباٹریوں میں 85یوروسے 100یورو تک ہے جبکہ جعل سازی کرنیوالے عناصر 50یورو میں جعلی پی سی آر ٹیسٹ بنواکر دیتے ہیں۔