ایک ٹکٹ کے ساتھ ایک فری،فضائی کمپنی نے بہترین سہولت متعارف کروادی

متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز نے نئے سال کی آمد پر   مسافروں کو ایک ٹکٹ کی قیمت میں دو ٹکٹ جاری کرنے کی پیشکش کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق فضائی کمپنی الاتحاد کی جانب سے مفت ٹکٹ کی پیشکش پر  5 جنوری 2021 سے عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے ، یہ پیشکش بدھ 13 جنوری کو ختم ہوجائے گی۔الاتحاد کی پیشکش سے سیاح فائدہ اٹھاسکتے ہیں، علاوہ ازیں ویک اینڈ پر کسی نئے شہر کی سیاحت کے شوقین بھی 15 جون 2021 تک ایک مفت ٹکٹ سے استفادہ کرسکیں گے۔ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق ابوظہبی سے استنبول کا ٹکٹ 1790 درہم، ڈبلن کا 3830 درہم جبکہ ٹورنٹو کا ٹکٹ 5790 درہم ،ابوظہبی سے مالدیپ کے لیے بزنس کلاس کا ٹکٹ 8750 درہم اور استنبول کا ٹکٹ 10370 درہم میں دستیاب ہے۔ ایک ٹکٹ کی قیمت دے کر دو ٹکٹ حاصل کرنے کی پیشکش اکانومی اور بزنس کلاس دونوں کے لیے ہے۔

رپورٹ کے مطابق الاتحاد دنیا کی واحد فضائی کمپنی ہے جس نے تمام مسافروں پر یہ پابندی لگائی ہے کہ سفر سے قبل اور ابوظبی پہنچنے پر انہیں پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ لازمی طور پر پیش کرنا ہوگا۔