ایک دوسرے کو مسٹرٹین پرسنٹ اورعلی بابا چالیس چورکے خطاب دینے والے کل کے دشمن آج کیسے شیروشکر ہوئے؟ فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن اتحاد پر سوال اٹھا دیا

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ”کرپشن کے مگر مچھ“پی ڈی ایم کی چھتری تلے جمع ہیں ،یہ وہ عناصر ہیں جنہوں نے اپنے دور حکومت میں پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا،راجکماری اورشہزادے کے اباجان کی کرپشن کی داستانیں بچے بچے کی زبان پر ہیں ،ان کے بڑوں نے ایک دوسرے کو مسٹرٹین پرسنٹ اورعلی بابا چالیس چورکے خطاب دیئے اورایک دوسروں کے خلاف کرپشن کے مقدمے بنانے والے آج ایک ہی گھاٹ سے پانی پی رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام یہ سوال پوچھنے کا حق رکھتے ہیں کہ کل کے دشمن آج کیسے شیروشکر ہوئے ؟ان میں رتی بھر بھی شرم ہوتی تو یہ چلو بھر پانی میں ڈوب مرتے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے ان ناخداؤں کو بے نقاب کیاہے ،وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں چور ٹولے کے کرتوت عوام کے سامنے لاتے رہیں گے،پی ڈی ایم کا ٹولہ کرپشن کے ساتھ کورونا پھیلانے کا بھی ذمہ دار ہے ،اس ٹولے نے اجتماعات کر کے کورونا کے مرض میں اضافہ کیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعدادایک لاکھ بیالیس ہزاراٹھاون ہوچکی ہے ، چوبیس گھنٹے میں کورونا کے چھے سو پینسٹھ نئے کیسز سامنے آئے ہیں  جبکہ کورونا سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چوبیس افراد جاں بحق ہوئے،پنجاب میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد چار ہزار ایک سو چوراسی ہوگئی ہے۔