آئندہ چیئرمین سینیٹ بھی پی ٹی آئی سے ہی ہوگا، گورنر پنجاب کا دعویٰ

گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہاہے کہ 31 جنوری آرہا ہے سب دیکھیں گے اپوزیشن کے استعفے نہیں آئینگے،انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی ایم پریشان ڈیموکریٹک موومنٹ بن چکی ، آئندہ چیئرمین سینیٹ بھی پی ٹی آئی سے ہی ہوگا۔

گورنرپنجاب چودھری سرور سے رکن اسمبلی طلعت نقوی اور پارٹی وفود نے ملاقاتیں کیں، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری سرور نے کہاکہ اپوزیشن ہر محاذ پر ناکامی کے بعد محفوظ راستے کی تلاش میں ہے ،پی ڈی ایم سیاسی طور پر زندہ رہنے کیلئے ہاتھ پاﺅں مار رہی ہے، انہوں نے کہاکہ لانگ مارچ کااپوزیشن کااعلان بھی آخرکار لانگ ہی ہو جائے گا،مسلم لیگ ق سمیت اتحادی حکومت کیساتھ متحد کھڑے ہیں ،وزیراعظم اصولی اور نظریاتی سیاست کررہے ہیں ۔