ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن یوای ٹی نے سلیکشن بورڈ کے دوارکان کی تقرری پر سوالات اٹھا دیے

 ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن یوای ٹی نے یوای ٹی سلیکشن بورڈ کے دوارکان ڈاکٹر محمد علی شاہ اور ڈاکٹر شوکت کی تقرری پر سوالات اٹھا دیے اور اس سلسلے میں صدر ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر فہیم گوہر اعوان نے چانسلر کو خط لکھ دیا اور دونوں ارکان کی  ممبر شپ ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

خط کے مندرجات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر محمد علی شاہ  نے جی سی یو فیصل آباد کے وائس چانسلرکی حیثیت سے 209 غیر قانونی بھرتیاں کیں  لیکن اب ڈاکٹر محمد علی شاہ  ایک بورڈ کے ممبر کی حیثیت سے کس طرح شفاف بھرتیاں کرسکتے ہیں،چانسلر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ محمد علی شاہ کو یوای ٹی سلیکشن بورڈ سے فوری طور پر الگ کیاجائے۔

ایسوسی ایشن نے الزام لگایا کہ  ڈاکٹر شوکت  نے پنجاب یونیورسٹی میں چیئرمین فزکس ڈیپارٹمنٹ کے منصب پر ہوتے ہوئے اپنی تاریخ پیدائش میں ہیرا پھیرا کی اور میٹرک کی سند پر اپنی اصل تاریخ پیدائش 1954 کو1959  بناکر پیش کیا ، ٹمپرنگ کا کیس عدالت میں چلا اورڈاکٹر شوکت کی ہیرا پھیری ثابت ہوگئی جس کے بعد انہیں   فزکس ڈیپارٹمنٹ کی چیئرمین شپ سے الگ کردیا گیا۔