وزیراعظم شیڈول بنا رہے ہیں، جلد کوئٹہ کا دورہ کریں گے: ترجمان بلوچستان حکومت

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ مظاہرین چاہتےہیں کہ وزیراعظم کوئٹہ کا دورہ کریں جس پر وزیراعظم شیڈول بنا رہے ہیں جو جلد دورہ کریں گے۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام ‘نقطہ نظر’ میں گفتگو کرتے ہوئے  لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ ہزارہ برادری کا دکھ ہمارا دکھ ہے، ہزارہ برادری کے ارکان صوبائی اسمبلی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

مچھ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں، وزیراعظم مظاہرین کے مطالبے پر جلد کوئٹہ کا دورہ کریں گے اور ہزارہ برادری کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ    وزیراعلیٰ جام کمال ایک سال بعددبئی گئے ہیں، آج رات تک وزیراعلیٰ بلوچستان واپس آجائیں گے۔ 

خیال رہے کہ مچھ میں دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے 11 کان کنوں کو قتل کر دیا تھا، جس پر ہزارہ برادری نے لاشوں کو سڑک پر رکھ کر احتجاج کر رہےہیں، گزشتہ روز وزریراعظم کی ہدایت پر وزیرداخلہ مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کے لیے  کوئٹہ پہنچے تھے  لیکن مظاہرین نے وزیراعظم کے آنے تک دھرنا ختم نہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔