خیبرپختونخوا میں کورونا نے ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی

خیبرپختونخوا میں کورونا نے ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی ،صوبے میں کورونا وائرس سے جاں بحق ڈاکٹروں کی تعداد42 ہو گئی ۔

نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے ملک بھر میں وار جاری ہیں ، کے پی کے میں ایک اور ڈاکٹر وائرس کاشکار ہو گیا، پی ڈی اے کے مطابق ڈاکٹر صفدر2016 میں محکمہ صحت سے ریٹائرہوئے تھے ، کورونا پازیٹوآنے کے بعد ایک ہفتے سے زیرعلاج تھے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 59 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 409 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 90 ہزار 476 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 947 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 41 ہزار 393، سندھ میں 2 لاکھ 19 ہزار 452، خیبر پختونخوا میں 59 ہزار 729، بلوچستان میں 18 ہزار 254، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 870، اسلام آباد میں 38 ہزار 395 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 383 کیسز رپورٹ ہوئے۔