خلیج تعاون کونسل کا سربراہی اجلاس آج سعودی عرب میں منعقد ہوگا

 خلیج تعاون کونسل کا 41 واں سربراہی اجلاس آج سعودی عرب میں ہونے جا رہا ہے جس میں عرب ممالک کے سربراہان مملکت شرکت کریں گے.

اس اہم اجلاس میں خطے کی صورتحال کے علاوہ خلیجی ممالک کے درمیان تعلقات اور کورونا وائرس سے تبدیل ہوتی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا. 

سعودی عرب کی قیادت میں خلیج تعاون کونسل کا 41 واں اجلاس آج تاریخی شہر العلاء (Al Ula ) میں منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں قطر سمیت خلیجی ممالک کے سربراہ شرکت کر رہے ہیں. 

العلاء قوم ثمود کا کبھی مسکن ہوا کرتا تھا جہاں آج اس کے آثار نمایاں ہیں اور یہاں ایک خوبصورت ایمپوریم تعمیر کیا گیا ہے جس میں آج کے اجلاس کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی. 

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کا یہ غیر معمولی نوعیت کا اجلاس ہے جس میں خطے کی صورت اور اس کی ترقی و خوشحالی کے علاوہ دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے اور کورونا وائرس کے بعد تبدیل ہوتے حالات کا جائزہ لیکر ان کا سدباب کرنا ہے. 

اس اہم اجلاس کی خاص بات 2017 کے بعد قطر اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی ہے جس سے جی سی سی ممالک کے درمیان ایک مرتبہ پھر سے مثبت نتائج سامنے آنے سے خطے کے مسائل کو باخوبی احسن انداز سے حل کیا جاسکے گا.