’توبہ توبہ۔۔۔ کیا اس طرح باؤلنگ ہوتی ہے‘ شعیب اختر پاکستانی باؤلرز پر پھٹ پڑے مگر کیوں؟ اعداد و شمار دیکھ کر ہر پاکستانی برہم ہو جائے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں کرکٹ ٹیم کی باؤلنگ کو انتہائی نچلی سطح پر قرار دیتے ہوئے باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق شعیب اختر نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان ٹیم کے باؤلنگ کے اعداد و شمار شیئر کئے اور ساتھ ہی نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں باؤلنگ کو پاکستان کرکٹ تاریخ کی انتہائی نچلی سطح پر قرار دیا۔ شعیب اختر نے پاکستان کی باؤلنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’توبہ توبہ۔۔۔ کیا اس طرح باؤلنگ ہوتی ہے۔۔۔ پاکستان کرکٹ تاریخ کی انتہائی نچلی سطح پر‘ 

واضح رہے کہ پاکستانی باؤلنگ لائن نے ایک اور ناپسندیدہ کارنامہ سر انجام دیتے ہوئے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پہلی اننگز میں وائیڈز کی مد میں 17 رنز دئیے جو کسی بھی اننگز میں پاکستانی باؤلرز کی جانب سے دئیے گئے وائیڈ کے سب سے زیادہ رنز ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل تین مرتبہ اننگز میں 15، 15 وائیڈ رنز دئیے تھے جبکہ ایک اننگز میں سب سے زیادہ وائیڈ رنز کے عالمی ریکارڈ کی تعداد 21 ہے۔ انگلینڈ نے 2019ءمیں نیوزی لینڈ کے خلاف اورویسٹ انڈیز نے 2008ءمیں آسٹریلیا کے خلاف وائیڈ کے 21,21 رنز دئیے تھے۔