بھارتی حکومت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی تو پاکستانی قوم اس کا بھر پور جواب دے گی: سردار تنویر الیاس خان

وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ہم خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں لیکن اگر بھارتی حکومت نے پاکستان کے خلاف کوئی جارحیت کی تو پاکستانی قوم اس کا بھر پور جواب دے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی اور خلاف ورزیوں کے باوجود ضبط کا مظاہرہ کررہا ہے۔

کشمیری وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں فوجی قبضے سے حق خودارادیت کو دبایا جاتا ہے ،اقوام متحدہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ریاست مدینہ کے اصولوں کے مطابق پڑوسیوں سے امن کے خواہاں ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا جنگی جرم ہے، کشمیریوں نے بھارتی قبضے سے آزادی کے لیے نسل درنسل اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ اگر بھارتی حکومت نے پاکستان کے خلاف کوئی جارحیت کی تو پاکستانی قوم اس کا بھر پور جواب دے گی۔