پاکستان شاہینز نے چوتھے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ اے کو 101 رنز سے شکست دیدی

پاکستان شاہینز نے چوتھے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ اے کو 101 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے میچ میں 232 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم 130 رنز پر ڈھیر ہو گئی، سپنر عثمان قادر نے 18 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، دانش عزیز، حسین طلعت، محمد حسنین، عماد بٹ، حارث رؤف اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، رائس ماریو 48 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اس سے قبل پاکستان شاہینز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے تھے، حیدر علی 64 اور ذیشان ملک 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے، حسین طلعت 44 اور عماد بٹ 6 گیندوں پر 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، نیوزی لینڈ اے کے ایس بی کین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 

پاکستان شاہینز کی ٹیم سیریز کا آخری ٹی 20 میچ پانچ جنوری کو نیوزی لینڈ اے کے خلاف ہی کھیلے گی، پاکستان شاہینز اب تک کھیلے گئے چار ٹی 20 میچز میں سے دو میں فتح حاصل کرچکی ہے، پاکستان شاہینز کو سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔