دوسرے روز کے کھیل میں پاکستان کیلئے کیا مہنگا ثابت ہوا؟ محمد عباس نے حال دل سنا دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عباس نے کہا ہے کہ نیوزی کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اہم بلے بازوں کے کیچ ڈراپ ہونا مہنگا ثابت ہوا۔

تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس نے کہا کہ ڈراپ کیچز سے مایوسی ہوتی ہے، باﺅلر وکٹ لے اور نوبال ہوجائے تب بھی مایوسی ہوتی ہے، پاکستان ٹیم نے پہلے سیشن میں بہت محنت کی اور اچھی پوزیشن میں رہے، دوسرا سیشن بھی ٹھیک رہا لیکن تیسرے میں ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

فاسٹ باﺅلر نے کہا کہ تیسرے روز کھیل کے آغاز میں ہی نیوزی لینڈ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کریں گے، پہلی کوشش یہی ہے کہ جلد از جلد میزبان بیٹسمینوں کو آؤٹ کریں، رنز روکنے کی بھی کوشش کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پچ پہلے دن کی نسبت تھوڑی تبدیل ہوئی ہے، ٹیسٹ میچ ہر شعبے کا ٹیسٹ ہوتا ہے، اگر وکٹیں نہ ملیں تو رنز روکنے کی کوشش کرتا ہوں۔