تعلیمی ادارے 11 جنوری کو نہیں بلکہ کب کھلیں گے؟ شفقت محمود نے اعلان کردیا، میڈیا کے اندازے غلط ثابت

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے 18 جنوری سے تین مرحلوں میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا کہ بتدریج تین مراحل میں تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے۔ 18 جنوری کو نویں سے بارہویں جماعت تک کی کلاسز کیلئے تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔ یہ وہ بچے ہیں جن کے آگے چل کر امتحانات ہونے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 25 جنوری کو پرائمری سے آٹھویں تک جبکہ یکم فروری کو ہائر ایجوکیشن کے ادارے جن میں یونیورسٹی اور پوسٹ گریجوایٹ کالجز شامل ہیں، کھول دیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل میڈیا میں یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ تعلیمی ادارے 11 جنوری سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم وزیر تعلیم کے اعلان کے بعد صورتحال اب واضح ہوگئی ہے۔