تعلیمی ادارے بھی کھل گئے، پیپرز کا بھی اعلان ہوگیا، لیکن میڈیکل کالجز کے امتحانات کا کیا ہوگا؟ ڈاکٹر فیصل سلطان نے اہم اعلان کردیا

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ میڈیکل کالجز  کے امتحانات کے حوالے سے کل اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بات اس پریس کانفرنس کے فوری بعد ایک ٹویٹ میں کہی جس میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کل کے اجلاس میں صورتحال کا تمام پہلوؤں سے تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 18 جنوری سے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھول دیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 18 جنوری کو نویں سے بارہویں جماعت کیلئے تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے جس کے بعد 25 جنوری کو پرائمری سے آٹھویں تک جبکہ یکم فروری کو ہائر ایجوکیشن کے ادارے جن میں یونیورسٹیز اور پوسٹ گریجوایٹ کالجز شامل ہیں، کھول دیے جائیں گے۔