پاکستان کی خوشحالی دشمنوں سے ہضم نہیں ہورہی، مچھ واقعہ کے ملزمان جلد کیفرکردار تک پہنچیں گے:لیاقت شاہوانی

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان سمیت پاکستان کی خوشحالی دشمنوں سے ہضم نہیں ہورہی، مچھ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ 

لیاقت شاہوانی نے مچھ میں ہونے والے افسوسناک واقعہ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ غریب کان کنوں کو بیہمانہ طریقے سے قتل کیاگیا، وزیراعظم سمیت صوبائی حکومت جاں بحق ہونے والے تمام کان کنوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کا  نوٹس لے لیا ہے،ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ 

لیاقت شاہونی نے کہا کہ ہم نے بڑی قربانیوں کے بعد کوئٹہ میں امن کو بحال کیا ہے، اب دوبارہ انتشار نہیں پھیلنے دیں گے۔ دشمن کی نظر اس وقت سی پیک پر ہے اور اس سے بلوچستان کی خوشحالی ہضم نہیں ہورہی جس کی وجہ سے وہ امن عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔ 

واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں دہشت گردوں نے کان کنوں کو پہاڑوں پر لے جا کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 11 کان کن جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے، زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

Leave a Reply