دلہن نے اپنی شادی میں شرکت کے لیے اپنی سہیلیوں سے کنٹریکٹ سائن کروا لیا، لیکن اس کی شقیں ایسی کہ جان کر انٹرنیٹ صارفین برہم ہوگئے

امریکہ میں ایک دلہن نے اپنی شادی میں شرکت کے لیے اپنی سہیلیوں سے ایک معاہدے پر دستخط کروا لیے ہیں، جس میں ایسی شقیں رکھی گئی ہیں کہ جان کر انٹرنیٹ صارفین اس دلہن پر برس پڑے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس انوکھے معاہدے کے متعلق اس دلہن نے خود ایک فیس بک گروپ میں بتایا ہے۔ دلہن نے معاہدے میں 37شقیں رکھی ہیں جن میں اس نے اپنی سہیلیوں کو پابندکیا ہے کہ وہ اس کی شادی تک نہ تو اپنا وزن بڑھائیں گی، نہ حاملہ ہوں گی اور نہ ہی اپنے بال ڈائی کرکے شادی کی تقریب میں آئیں گی۔

رپورٹ کے مطابق معاہدے کی دیگر شقوں میں دلہن نے اپنی سہیلیوں کو اس بات کا بھی پابند کیا ہے کہ وہ اسے شادی کے متعلق کوئی بھی چیز تبدیل کرنے کو نہیں کہیں گی اور مہمانوں کے متعلق کوئی منفی بات نہیں کریں گی۔ تمام سہیلیاں شادی سے پہلے کی پارٹی میں لازمی شرکت کریں گی۔ اس پارٹی میں شرکت نہ کرنے کے صرف دو بہانے قابل قبول ہوں گے، پہلا جیل کی سزا ہو جانا اور دوسرا موت ہو جانا۔شادی کی تقریب کے لیے تمام سہیلیاں دلہن کی پسند کے میک اپ آرٹسٹ سے میک اپ کروائیں گی، وغیرہ وغیرہ۔رپورٹ کے مطابق دلہن کی 10میں سے صرف 6سہیلیوں نے اس معاہدے پر دستخط کیے ۔ اس پوسٹ کو پڑھ کر ایک لڑکی نے لکھا کہ اگر میں اس دلہن کی سہیلی ہوتی اور وہ مجھے اس معاہدے پر دستخط کرنے کو کہتی تو میں یہ معاہدہ اسے کے منہ پر دے مارتی۔ ایک اور لڑکی نے لکھا ہے کہ ”کتنی احمق ہے یہ دلہن۔مجھے تو پڑھ کر یقین نہیں آ رہا۔“

Leave a Reply