انڈرویئر میں سموسہ ڈال کر جیل میں لیجانے کی کوشش میں پکڑا جانے والا آدمی، یہ کام کیوں کیا؟ جان کر آپ کو بھی ہنسی آجائے

جیلوں کے اندر موبائل فون اور منشیات وغیرہ سمگل کرکے لیجانے کے متعلق تو خبروں میں سنتے آئے تھے لیکن گزشتہ سال برطانیہ میں ایک آدمی ایسی چیز سمگل کرکے اپنے ساتھ جیل لیجاتے ہوئے پکڑا گیا کہ سن کر یقین کرنا مشکل ہو جائے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ واقعہ برمنگھم میں پیش آیا جہاں اس آدمی کو عدالت پہنچایا گیا جہاں اس کی تلاشی ہوئی تو اس کے انڈرویئر سے ایک سموسہ برآمد ہو گیا۔

پولیس آفیسرز نے سموسہ سمگل کرکے لانے کی وجہ پوچھی تو اس ملزم نے بتایا کہ ”جیل میں قیدیوں کو جو کھانا دیاجاتا ہے وہ مجھے پسند نہیں، چنانچہ میں اپنے ساتھ یہ سموسہ لے آیا۔“ویسٹ مڈ لینڈز پولیس کے انسپکٹر منج اہیر کا کہنا ہے کہ ”ہم دوران ڈیوٹی گاہے بہت عجیب واقعات بھی دیکھتے ہیں مگر آدمی کا اپنے انڈرویئر میں سموسہ چھپا کر لانا ایسا واقعہ ہے کہ شاید ہم ساری زندگی نہ بھول پائیں گے۔ ایک بار ہم نے چند دن ایک آدمی کو حوالات میں رکھنے کے بعد رہا کیا تو وہ چاکلیٹ کا ایک ڈبہ لے کر ہمارے پاس آ گیا۔ اس نے کہا کہ اس کے ساتھ قید میں جس طرح بہترین سلوک روا رکھا گیا، اس پر وہ آفیسرز کو چاکلیٹ کا تحفہ دینا چاہتا ہے۔

Leave a Reply