کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد فرار کی کوشش، معروف ماڈل کو گرفتار کرلیا گیا، ایک سال جیل کا سامنا

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی ماڈل و اداکارہ زارا ہالینڈ اپنے بوائے فرینڈ ایلیئٹ کے ساتھ چھٹیاں منانے جزائرغرب الہند کے ملک بارباڈوس گئی جہاں انہوں نے کورونا وائرس سے متعلق قوانین کی ایسی سنگین خلاف ورزی کر ڈالی کہ انہیں گرفتار کر لیا گیا۔میل آن لائن کے مطابق زارا اور ایلیئٹ کے بارباڈوس پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ کیے گئے جو مثبت آ گئے۔ ٹیسٹ مثبت آنے پر دونوں کو قرنطینہ میں رہنے کا حکم دیا گیا اور ان کی کلائیوں میں سرخ رنگ کے بینڈ ڈال دیئے گئے۔

بارباڈوس میں یہ بینڈ ان لوگوں کی کلائیوں میں ڈالے جاتے ہیں جن کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئیں، تاکہ یہ لوگ اگر قرنطینہ کی خلاف ورزی کریں تو باقی لوگ ان سے متنبہ ہو جائیں۔ زارا اور اس کے بوائے فرینڈ نے یہ بینڈ کاٹ کر پھینک ڈالے اور بارباڈوس سے فرار ہو کر واپس برطانیہ جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں کو جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں سے انہیں ممکنہ طور پر 1سال تک قید اور 18ہزار پاﺅنڈ جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ بارباڈوس میں قرنطینہ کی خلاف ورزی پر سخت سزا رکھی گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے ایک سیاح کو اسی قانون شکنی پر 6ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

Leave a Reply