کورونا وائرس کی تازہ لہر کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی کابین الاقوامی پروازوں کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری

کراچی کورونا وائرس کی تازہ اور خطرناک لہر کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی پروازوں کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا، نئے ایس او پیز کا اطلاق یکم جنوری سے 31 مارچ 2021 تک کے لیے ہوگا۔

جیو نیوز کے مطابق یہ ہدایت نامہ کیٹیگری بی اور سی ممالک کی پروازوں کے مسافروں کے لیے جاری کیا گیا ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق کیٹیگری بی اور سی ممالک کے مسافروں کو سفر سے 96 گھنٹے قبل کی کورونا نیگیٹو ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا ہوگی،کیٹیگری اے میں شامل 24 ممالک کے مسافر کورونا ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنے سے مستثنیٰ ہوں گے، کیٹیگری سی ممالک کے مسافروں کو پاکستان آمد پر ایک اور ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا، پاکستان آمد پر پاس ٹریک اپلیکیشن پر سفری معلومات اپ لوڈ کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسمارٹ فونز کے بغیر مسافروں کو متعلقہ ویب پورٹل پر معلومات فراہم کرنا ہوں گی، 12 گھنٹے سے کم قیام کرنے والے مسافروں کو ٹیسٹ اور پاس ٹریک پر معلومات فراہمی سے مستشنٰی حاصل ہوگا، معذور مسافر، اعلیٰ سطع بین الاقوامی وفود بھی مستشنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔پاکستان آنے والے تمام مسافر اور فضائی عملے کے لیے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پُر کرنا لازمی ہوگا،طیاروں پر پی پی ای انوینٹری، گلوز، ماسک، چشمے، این 95 ماسک کی موجودگی بھی لازمی ہوگی، پرواز کے دوران تمام وقت مسافروں کو ماسک پہننا لازم ہوگا، مختص نشست کی تبدیلی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

ایئر پورٹ آمد پر طبی عملہ مسافروں کا بخار چیک کرے گا اور ٹیسٹ رپورٹ سمیت دیگر شرائط کے بعد جانے کی اجازت دے گا، ایئر پورٹ پر مسافروں کو چھوڑنے اور لینے والوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

Leave a Reply