شاہد آفریدی کا ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑیوں کو مفید مشورہ

لاہور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایوارڈز جیتنے والے تمام کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسی طرح محنت جاری رکھتے ہوئے ملک و قوم کیلئے فخر کا باعث بنیں۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے اپنے حالیہ پیغام میں پی سی بی ایوارڈز جیتنے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور نامزد کھلاڑیوں کا بھی حوصلہ بڑھایا۔ 

انہوں نے کہا کہ ایوارڈ کیلئے نامزدگی بھی ایک بڑی کامیابی ہے اور آپ کی بہترین پرفارمنس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اپنی پرفارمنس پر اسی طرح قائم رہیں اور ملک کو اور شائقین کرکٹ کو 2021ءاور اس کے بعد بھی باعث فخر بنیں۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی سی بی ایوارڈز کا اعلان اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا جس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، فواد عالم اور ویمنز ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) ایوارڈز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

Leave a Reply