سندھ میں ضمنی انتخابات ،تحریک انصاف اور فنکشنل لیگ کے رہنماؤں کی اہم ملاقات، کیا چیزیں طے پائیں؟تفصیلات آگئیں

کراچی پاکستان تحریک انصاف اور فنکشنل لیگ کے رہنماؤں کی اہم ملاقات،فنکشنل لیگ نے اپنے خدشات سے پی ٹی آئی وفد کو آگاہ کر دیا،ملاقات میں سندھ میں ہونے والے ضمنی اورسینیٹ انتخابات کی حکمت عملی پر مشاورت،سندھ  کی مجموعی سیاسی صورتحال، پیپلز پارٹی کی گورننس سمیت دیگرامور پر بات چیت،تحریک انصاف نے ملیر اور سانگھڑ کی نشستوں پر حمایت مانگ لی،ملاقات میں فنکشنل لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری اور جی ڈی اے کے اطلاعات سیکریٹری سردار عبدالرحیم،ایم پی اے نند کمار گوکلانی جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی،ایم پی اے حلیم عادل شیخ،خرم شیر زمان اور دیگر شامل تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ سندھ میں 13سالوں سے عوام پر جو ظلم ہورہا ہے اس کا  ختم کرنے  کے لیے تمام جماعتوں  کو آگے آنا ہوگا،سندھ میں تین نشستوں پر ضمنی انتخابات ہورہے ہیں،جہاں جس جماعت کامضبوط امیدوار ہوگا اسکو سپورٹ کی جائے گی،ہم پیر صاحب پگارا کے احسان مند ہیں، جب سے وہ وفاق میں ہمارے اتحادی بنیں ہیں  ہر مشکل وقت میں اُنہوں نے ہمیں مدد دی ہے ،فنکشنل لیگ کے جائز مطالبات ہیں جن کے حل کے لیے ہم نے انہیں یقین دلایا ہے،ہمیں پوری امید ہے مثبت جواب ملے گا،زرداری لیگ کو ضمنی انتخابات میں شکست دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے  اتحادیوں کی شکایتیں ختم کریں گے،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) اتحاد ڈیڈی اور مولانا بچاؤ مہم ہے،پی ڈی ایم کے استعفے صرف لہرانے کے لیے تھے،وہ بھی ابھی سردی کی وجہ سے لہرا نہیں پارہے،فنکشنل لیگ آزاد جماعت ہے وہ کسی کے دباؤمیں نہیں آئے گی۔

اس موقع پر سردار عبدالرحیم نے کہا اہم میٹنگ تھی،ضمنی انتخابات کے حوالے بات چیت ہوئی، عمر کوٹ میں ارباب رحیم جی ڈی اے اور اتحادیوں کے مضبوط امیدوار ہیں،سیاست میں ضمنی انتخابات ہوتے ہیں، میدان خالی نہیں چھوڑنا چاہیے،سانگھڑ اور پی ایس 88 پر ہونے والے ضمنی انتخابات پر بھی اتحاد کی بات ہوئی ہے،ایم کیو ایم سے بھی مطالبہ کروں گا کہ ضمنی انتخابات پر مضبوط موقف رکھے،ایم کیو ایم بھی وفاقی حکومت کی اتحادی ہے وہ بھی مشترکہ امیدوار لانے کہ لیے ساتھ دے۔سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پیر صاحب پگارا کے پاس ہمیشہ پارٹی اور ملک کے سربراہ خود جاتے ہیں،پیر صاحب پاگارہ ہمیشہ پاکستان کی سوچ رکھتے ہیں،کرپشن کے خاتمے کا نعرہ لگانے پر پیر صاحب پگارا نے پی ٹی آئی کا ساتھ دیا ہے، مردم شماری پر سیاست کرنے کے بجائے اس کو آئینی اداروں سینیٹ،قومی اسمبلی میں لاکر حل کیا جائے،مردم شماری پر سڑکوں پر معاملہ حل نہیں ہوسکتا۔

Leave a Reply