لیگی اراکین اسمبلی کے استعفوں کا معاملہ،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا بیان بھی سامنے آگیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ  ن لیگ کے دونوں اراکین اسمبلی نے کہا ہے کہ یہ استعفے ہمارے نہیں ہیں، استعفوں کے حوالے سے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے، اگر مزید اراکین کے استعفے بھی آئے تو ان پر بھی قانون کے مطابق ہی کارروائی ہو گی۔ 

دنیا نیوز کے مطابق اسد قیصر کا کہنا تھا کہ دونوں ارکان نے بتایا کہ یہ استعفے جعلی ہیں۔ کل(جمعرات کو) دونوں ارکان اسمبلی کے استعفوں سے متعلق رائے دونگا۔ دنیا نیوز کی جانب سے پوچھے گئے سوال کہ کیا ارکان اسمبلی کے استعفوں کا فرانزک آڈٹ کرایا جائیگا؟ کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کل معاملے پر قانونی پہلو کا جائزہ لے کر فیصلہ کرینگے۔

خیال رہے کہ لیگی اراکین اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاداعوان نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی اور موقف اختیار کیا کہ اپنا استعفیٰ براہ راست سپیکر آفس کو نہیں، صرف قیادت کو بھجوایا تھا، منظور نہ کیا جائے،مرتضیٰ جاویدعباسی نے این اے 15 اورمحمد سجاد نے این اے 14 سے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کروائے تھے۔

 سپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق کے لئے دونوں لیگی ایم این ایز کو طلب کیا تھا،سپیکر نے استفسار کیا کہ آپ دونوں کے استعفے میرے پاس پہنچے ہیں، کیا ان کی تصدیق کرتے ہیں؟ دونوں اراکین نے کہا کہ اپنے استعفے صرف مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے پاس جمع کراوائے تھے، فی الحال استعفے منظور نہ کیے جائیں۔

Leave a Reply