اینٹیں لگانے والے مزدور نے اپنی محبوبہ سے ملنے کے لیے اس کے گھر تک خفیہ سرنگ کھود دی، لیکن پھر خاتون کے شوہر نے رنگے ہاتھوں کیسے پکڑلیا؟

میکسیکو سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک) فرہاد کے شیریں کی خاطر نہر کھودنے کا قصہ تو آپ نے سن رکھا ہو گا لیکن آج ہم آپ کو میکسیکو کے ایک عاشق کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں جس نے اپنی محبوبہ سے ملنے کے لیے اپنے گھر سے اس کے گھر تک سرنگ کھود ڈالی۔ میل آن لائن کے مطابق میکسیکو کے شہر تیجوانا کے رہائشی اس آدمی کا نام البرٹو ہے جو کنٹرکشن ورکر ہے۔ اس کا اپنی پامیلا نامی ہمسائی کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھاچنانچہ اس نے محفوظ طریقے سے پامیلا کے گھر آنے جانے کے لیے اپنے گھر سے پامیلا کے گھرتک سرنگ کھود ڈالی۔

رپورٹ کے مطابق البرٹو نے یہ پختہ سرنگ پامیلا کے گھر کے ایک کمرے کے اندر نکال رکھی تھیں۔ جب پامیلا کا شوہر کام پر چلا جاتا، وہ سرنگ کے ذریعے اس کے پاس چلاجاتا اور وہیں سے واپس اپنے گھر آ جاتا۔ گزشتہ دنوں پامیلا کا شوہر جارج معمول کے وقت سے پہلے گھر واپس آ گیااور اپنی بیوی اور البرٹو کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ جارج کو آتے دیکھ کر البرٹو بھاگ کر کمرے میں پڑے صوفے کے پیچھے گیا اور وہاں سے غائب ہو گیا۔ جب جارج وہاں پہنچا تو معلوم ہوا کہ اس صوفے کے نیچے ایک راستہ تھا۔ جارج اس راستے کے ذریعے سرنگ میں داخل ہوا اور البرٹو کے گھر جا پہنچا۔ مقامی میڈیا کے مطابق البرٹو کے گھر میں جارج اور البرٹو کی ہاتھا پائی بھی ہوئی اور پولیس نے آ کر معاملہ رفع دفع کرایا۔ واضح رہے کہ خود البرٹو بھی شادی شدہ تھا۔ اس واقعے کا دونوں جوڑوں کی ازدواجی زندگی پر کیا اثر پڑا، اس حوالے سے تاحال کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔

Leave a Reply